اسلام آباد: جے آئی ٹی کے سربر اہ واجد ضیا کی زیر صدارت پاناما لیکس پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا اجلاس آج پھر جاری ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کے داماد رکن قومی اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ صفدر آج پاناما لیکس سے متعلق قائم کردہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو گئے کیونکہ جے آئی ٹی نے کیپٹن صفدرکو آج طلب کر رکھا تھا۔
کیپٹن صفدر جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کروائیں گے۔ اس سے قبل جے آئی ٹی نے کیپٹن صفدر کی پیشی کی تاریخ میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے پہلے وزیراعظم نواز شریف، شہباز شریف، حسین نواز اور حسن نواز پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ 20 اپریل کو سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کیس کے تاریخی فیصلے میں وزیراعظم نواز شریف کے خلاف مزید تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کے اعلیٰ افسر کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا حکم دیا تھا۔
فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ایف آئی اے کے سینئر ڈائریکٹر کی سربراہی میں 7 دن کے اندر جے آئی ٹی تشکیل دی جائے گی جو 2 ماہ میں اپنی تحقیقات مکمل کرے گی جبکہ جے آئی ٹی کو ہر 2 ہفتے بعد سپریم کورٹ کے بینچ کے سامنے اپنی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں