روزے 29 اور عید 26 جون کو ہو گی،محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

روزے 29 اور عید 26 جون کو ہو گی،محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

لاہور: محکمہ موسمیات کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش آج صبح ساڑھے سات بجے ہوچکی ہے ۔سائنس کی رو سے کل یعنی انتیس رمضان المبارک کو چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں چونکہ مطلع صاف ہو گا اس لئے عید الفطر چھبیس جون بروز پیر کو ہی متوقع ہے۔

رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل پشاور میں ایوان اوقاف عید گاہ روڈ پر ہو گا اجلاس کی صدارت مفتی منیب الرحمان کریں گے۔ چاند نظر آنے یا نہ آنے کی شہادت کے لیے صوبائی اور زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی کل ہوں گے۔

ادھر پشاور میں مسجد قاسم علی خان کے مہتمم مفتی شہاب الدین پوپلزئی دو دن سے پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئےہیں ۔ مفتی شہاب الدین اسلام آباد سے پشاور جاتے ہوئے راستے میں غائب ہوئے ہیں جبکہ مفتی شہاب الدین کا موبائل کل سے آؤٹ آف سروس جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے اہم رکن مولانا خیرالبشر سمیت کئی ممبران کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ پولیس کی جانب سے کمیٹی کے دیگر ارکان کیخلاف بھی کریک ڈاون شروع کیا جا رہا ہے۔ عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مسجد قاسم علی خان کی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج شام کو منعقد کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں