انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر نے پاکستان سے معافی مانگ لی

انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر نے پاکستان سے معافی مانگ لی

نئی دہلی: انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن کے چیف نریندرا بٹرا نے پی ایچ ایف کو معذرتی خط ارسال کر دیا۔ انھوں نے 18 جون کو ہاکی ورلڈ لیگ میں پاکستان سے میچ کے موقع پر بھارتی کھلاڑیوں کے بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھنے کی حمایت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بیان داغا تھا جس پر اب معذرت کی ہے۔ پاکستانی سرزمین پر دہشت گردی میں ملوث بھارت الٹا پاکستان پر آئے دن الزامات لگاتا رہتا ہے۔ اس کے کھلاڑیوں نے مقبوضہ کشمیر میں مبینہ ہلاک فوجیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پٹیاں باندھ کر میچ کھیلا اور نریندرا بٹرا کے بیان سے سوشل میڈیا پر تنازع بڑھ گیا تھا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نام ارسال کردہ خط میں بٹرا نے کہا کہ میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان پر پی ایچ ایف سے انتہائی معذرت کرتا ہوں۔ مجھے غیر ضروری بیان سے اجتناب برتنا چاہیے تھا میری بات سے لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی جس کا افسوس ہے۔ بٹرا نے کہا کہ میرے بیان سے ورلڈ ہاکی فیڈریشن کا کوئی لینا دینا نہیں ہے یہ میرے لیے بھی سبق ہے اور میں نے سمجھ لیا کہ میری بات سے بہت سے لوگوں کو تکلیف پہنچی اور ایف آئی ایچ بھی مشکل میں پڑ گئی تھی۔ میں پی ایچ ایف کو یہ یقین دہانی کراتا ہوں کہ مستقبل میں ایسا نہیں ہو گا۔

واضح رہے کہ نریندرا بٹرا کو نومبر 2016 میں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا صدر منتخب کیا گیا تھا۔ بھارت نے دہشت گردی کا حوا کھڑا کر کے پاکستان سے کھیلوں کے روابط ختم کر رکھے ہیں۔ کرکٹ کے بعد اب ہاکی کی باہمی سیریز بھی منعقد نہیں ہو پا رہی۔

بھارت آئندہ برس بھوبینشور میں ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا جس کیلیے پاکستان ٹیم نے تاحال کوالیفائی نہیں کیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری شبہاز سینئر نے اس کا بروقت نوٹس لیتے ہوئے انھیں باور کرایا تھا کہ بطور ورلڈ ہاکی چیف انھیں کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں