جے آئی ٹی احتساب نہیں مذاق ہے،وزیر اعظم

جے آئی ٹی احتساب نہیں مذاق ہے،وزیر اعظم

لندن: وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی احتساب نہیں مذاق ہے، پانامہ اور جے آئی ٹی کا   جو معاملہ چل رہا ہے وہ میری سمجھ سے باہر ہے۔
لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی ارکان سے چند سوالات کیے تھے جن کا وہ جواب نہیں دے سکے ، میرا سوال تھا کہ کیا سرکاری خزانے کی لوٹ مار ہوئی، اور کچھ نہیں تو الزام کی حدتک ہی کوئی ثبوت سامنے لائیں۔

 وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی ہمارے ذاتی کاروبارکے گرد گھومتی ہے، مجھے اپنی ذات کی فکر نہیں، خاندان کی فکر نہیں، بڑی مشکل سے تنکا تنکا جمع کرکے معیشت کو درست کیا، اسٹاک مارکیٹ بوم کررہی تھی، سوال تومیرا بنتا ہے،ہمیں لوٹا گیا،ہمیں کیا دیا گیا، 1972 میں ہماری فیکٹری کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دھرنوں سے ملک کی معیشت پر برا اثر پڑا، اصل جے آئی ٹی تو 2018 میں لگے گی، پاکستان اور ہمارا وقت ضائع کیا جارہا ہے،یہ کیا احتساب ہے بھئی یہ تو مذاق ہے ،ان کو الزام کی حد تک بھی کوئی ثبوت نہیں ملتا۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں 95 فیصد مسلم لیگ ن کامیاب ہوئی ، سیاسی مخالفین تو الیکشن میں بہت بری طرح ہار گئے تھے،ان چار سال میں کیا کوئی ہماری حکومت پر انگلی تک اٹھاسکتا ہے؟ یہ باتیں ان کی ہیں کہ امپائر کی انگلی اٹھنے والی ہے ، سیاسی مخالفین 2013 کے انتخابات میں شکست کو برداشت نہیں کرسکے۔