نواز شریف کا کلثوم نواز کی طبیعت بہتر ہونے تک پاکستان نہ جانے کا اشارہ

نواز شریف کا کلثوم نواز کی طبیعت بہتر ہونے تک پاکستان نہ جانے کا اشارہ
کیپشن: image by facebook

لندن: سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان سے آئے ہیں اور پاکستان ہی واپس جائیں گے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ’میری بیگم اس وقت زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے، اگلےچند روز میں کلثوم کی طبیعت بہتر ہوگی تو پاکستان جانے کا فیصلہ کریں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’کیا ان حالات میں جب کلثوم وینٹی لیٹر پر ہیں میں پاکستان جانے کا سوچ سکتا ہوں؟، کیا آپ کو لگتا ہے کہ مجھے اہلیہ کو اس حالت میں چھوڑ کر پاکستان واپس جانا چاہیے؟

نوازشریف نے کہا کہ سیاسی باتیں یہاں پراچھی نہیں لگتیں، پاکستان واپس جا کر سیاست کروں گا، آپ کی دعاؤں کا بہت بہت شکریہ، پوری قوم کا احسان مند ہوں کہ انہوں نےدعاؤں میں یاد رکھا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ لندن آنے سے میرا ارادہ تھا کہ 4 دن قیام کے بعد وطن واپس چلا جاؤں گا، جب سے آیا ہوں بیگم کلثوم سے بات نہیں ہو سکی ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ ’میں نے تو ریٹرن ٹکٹ کرائی تھی لیکن شاید اللہ کو منظور نہیں تھا، کلثوم نواز کی طبیعت بہتر ہوتے ہی وطن واپس چلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی ہیں۔

رواں ماہ 15 جون کو کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں ایک بار پھر سپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔