ن لیگ کے سابق ایم پی اے نے پارٹی سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا

ن لیگ کے سابق ایم پی اے نے پارٹی سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا
کیپشن: فوٹو: انٹرنیٹ

لاہور : مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے چوہدری عبدالغفور نے ن لیگ سے باضابطہ لاتعلقی کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ ( ن) لیگی قیادت نے اداروں سے ظلم کیا انہیں برباد کیا۔

لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر عبدالغفور میو نے کہا کہ (ن) لیگ میں ٹکٹوں کی خریدو فروخت ہو رہی ہے۔لینڈ مافیا ،کرپٹ افراد کو ٹکٹ دیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کا تین مرتبہ وزیر اعظم بننے والا پاکستان کے قومی اداروں کو تباہ کرنا چاہتا ہے ،ایسے انقلاب آئے گا۔انہوںنے کہاکہ تین مرتبہ وزیر اعظم رہنے والے شخص نے اداروں کے خلاف ہرزہ رسائی کی اور عالمی سطح پر ملک کو بدنام کیا۔

انہوںنے کہاکہ شریف خاندان کا کوئی نہ کوئی فرد مشرف سے ملتا تھا، سب جانتے ہیں مشرف دور کے سامنے ڈٹ کر کون کھڑا رہا، ن لیگ قیادت نے انکار کیا تو میں بتاﺅں گا مشرف سے جاکر کون ملتا تھا۔انہوں نے کہا کہ ٹکٹ ہولڈر کرپٹ لوگوں کی حقیقت عوام کو بتاﺅں گا۔ا نہوںنے کہاکہ مشرف دور میں کوئی مائی کا لعل باہر نکلنے کو تیار نہیں تھا، ہم نے قربانیاں دیں لیکن ماروی میمن، دانیال عزیز اور طلال چودھری جیسے لوگ جو مشرف کیساتھ تھے، انہیں وزیر بنایا گیا۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف اور شہباز شریف کو غلط فیصلوں سے روکا تھا۔چوہدری عبدالغفور نے کہا کہ ن لیگ چھوڑ کر کسی جماعت میں نہیں جاﺅں گا، جتنی عمر باقی ہے پاکستان اور اداروں کے ساتھ ہوں، عوام ملک کے اداروں کو کمزور نہیں ہونے دے گی۔