ملک میں کہیں بھی دیکھ لیں آپ کو مسلم لیگ ن کا کام نظر آئے گا، شاہد خاقان عباسی

ملک میں کہیں بھی دیکھ لیں آپ کو مسلم لیگ ن کا کام نظر آئے گا، شاہد خاقان عباسی
کیپشن: فوٹو: فائل

راولپنڈی: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ گزشتہ دور میں سندھ بلوچستان اور کے پی میں کرپشن رہی لیکن وفاق اور پنجاب پر کوئی انگلی نہیں اٹھاسکتا۔ ملک میں کہیں بھی دیکھ لیں آپ کو مسلم لیگ ن کا کام نظر آئے گا۔


راولپنڈی میں کارکنوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ میں آٹھ الیکشن ساتھ والے حلقے سے لڑچکا، الیکشن کمیشن نے بہتر سمجھا اور حلقہ تبدیل کردیا، نواں الیکشن آپ کیساتھ لڑ رہاہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم بھی انسان ہیں ، انسان میں بہت سی خامیاں ہوتی ہیں، لیکن کبھی اپنے ساتھیوں کی عزت نفس کو مجروح نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کا فیصلہ ہوگا تو مسائل حل ہوں گے، ہم نے ہمیشہ خدمت، عزت اور ملک کی ترقی کی سیاست کی بات کی ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومت میں کرپشن رہی ہے، آج مسلم لیگ ن پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں لگ سکا، الزامات جس نے لگانے ہیں لگائے میں جواب دینے کو تیار ہوں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمیں کوئی ندامت نہیں ہے، ہم نے بھر پور طرح سے ملک کی معیشت کو بہترکیا، اب فیصلہ عوام نےکرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے مسائل کو حل کیا ، روز گار کو بہتر سے بہتر کرنے کی کوشش کی، روز گار صرف باتوں اور وعدوں سے مہیا نہیں ہوتا، حقائق کا مقابلہ وہی لوگ کرسکتے ہیں جنہوں نےکام کیا ہو۔