حضور پاکﷺ کے نام کے ساتھ خاتم النبین لازمی لکھنے کی قرارداد پر عمل کرایا جائے، قومی اسمبلی

حضور پاکﷺ کے نام کے ساتھ خاتم النبین لازمی لکھنے کی قرارداد پر عمل کرایا جائے، قومی اسمبلی

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے حضور پاک ﷺ کے نام کے ساتھ خاتم النبین لازمی لکھنے کی قرارداد پر عمل درآمد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مرکزی و صوبائی حکومتوں کو خط لکھنے کا اعلان کر دیا۔اس قیصر کا کہنا تھا کہ یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور ہوئی ہے اب اس پر عمل بھی کروائیں گے۔

وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد کا کہنا ہے کہ 2 روز قبل جو قرارداد منظور ہوئی وہ تاریخی واقعہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ہم سب کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ خاتم الانبین لازمی لکھے جانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔علی محمد خان نے مزید کہا کہ قرارداد کی کاپیاں بھیج کر اس پر عمل کرانا اس ایوان کی ذمہ داری ہے۔اسد قیصر نے مزید کہا کہ آج ہی قرارداد صوبوں اور متعلقہ اداروں کو پہنچ جائے گی۔

دو روز قبل قومی اسمبلی  میں نصابی کتب میں حضرت محمد ﷺ کے نام کے ساتھ خاتم النبیین لکھنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے پیش کی جس کی تمام پارلیمانی جماعتوں نے حمایت کی۔خیال رہے کہ 15 جون کو سندھ اسمبلی میں بھی حضرت محمدﷺ کے نام کے ساتھ خاتم النبیین لگانے سے متعلق قرارداد  منظور کی گئی تھی۔