اسد عمر اور فواد چوہدری کے درمیان صُلح ہو گئی

اسد عمر اور فواد چوہدری کے درمیان صُلح ہو گئی
کیپشن: ملاقات میں فواد چوہدری اور اسد عمر کی ناراضی دور ہو گئی۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ عثمان ڈار آفیشل پیج

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسدعمر اور وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی  فواد چوہدری کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار بھی شریک تھے جنہوں نے صلح کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ملاقات میں گزشتہ روز کابینہ اجلاس میں ہونے والی بحث پر بات چیت کی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں فواد چوہدری اور اسد عمر کی ناراضی دور ہو گئی اور دونوں کے درمیان صلح ہو گئی۔فواد چوہدری نے اپنے انٹرویو سے متعلق وضاحت کی جس کے بعد گلے شکوے ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں کامیاب جوان پروگرام اور کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کی کارگردگی پر بھی گفتگو کی گئی۔

خیال رہے کہ ایک حالیہ انٹرویو میں فواد چوہدری نے جہانگیر ترین اور اسد عمر کے درمیان رسہ کشی کا انکشاف کیا تھا اور بتایا کہ پہلے جہانگیر ترین نے اسد عمر کو نکلوایا اور پھر اسد عمر نے جہانگیر ترین کی چھٹی کرا دی تھی۔