بجلی کی پیداوار: براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 16.31 فیصد اضافہ

Power generation: Foreign direct investment increased by 16.31%
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: ملک میں بجلی کی پیداوار کے شعبہ میں جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 16.31 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سرمایہ کاری بورڈ اور سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں ملک میں بجلی کے پیداوارمیں شعبہ میں 856.1 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بجلی کے شعبہ میں 736 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔

مئی 2021ء میں اس شعبہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 43.3 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

پن بجلی کے شعبہ میں جاری مالی سال کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 186.9 ملین ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 47.51 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پن بجلی کے شعبہ میں براہ راست سرمایہ کاری کا حجم 126.7 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

تھرمل بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں 175.9 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اس مد میں 64.4 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔

کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں 493.3 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اس شعبہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 544.9 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔