آصف زرداری کا مسلم لیگ (ن) کیساتھ مل کر پنجاب میں حکومت بنانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا: فردوس عاشق اعوان

آصف زرداری کا مسلم لیگ (ن) کیساتھ مل کر پنجاب میں حکومت بنانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا: فردوس عاشق اعوان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

سیالکوٹ: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری سندھ کی فکر کریں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مل کر پنجاب میں حکومت بنانا ان کا خواب ہے جو کبھی پورا نہیں ہو گا۔ 

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں عوام اور کسان دوست اور مزدور کیلئے بہترین بجٹ پیش کر چکے ہیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اگلے دوسال عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے، ملک کو عدم استحکام کرنے کا کوئی حربہ اور سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سندھ کی فکر کریں، انہوں نے پیپلز پارٹی کے جیالے کو متنفر کر دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مل کر پنجاب میں حکومت بنانا آصف علی زرداری کا خواب ہے جو کبھی پورا نہیں ہو گا، پیپلز پارٹی کا پنجاب میں کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے۔ 

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی پی کے ووٹرز اسی دن تقسیم ہوگئے تھے جب آصف علی زرداری نے نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ بیٹھ کر تیتر بٹیر کھائے تھے، جہانگیر ترین پی ٹی آئی کو کمزور کرنے کی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے۔