لاہور کی احتساب عدالت نے خواجہ آصف کی رہائی کا حکم جاری کر دیا

لاہور کی احتساب عدالت نے خواجہ آصف کی رہائی کا حکم جاری کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کی احتساب عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور سابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی رہائی کا حکم جاری کر دیا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ روز منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خواجہ آصف کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ 
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءخواجہ آصف کو 29 دسمبر 2020 کو گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد 27 مارچ 2021ءکو انہوں نے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی جس پر اب فیصلہ بناتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ 
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے خواجہ آصف کی ضمانت منظور ہونے پر تشکر اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف کی ناحق قید کا سلسلہ تمام ہوا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی انتقام کی بدقسمت اور افسوسناک روایت کا نشانہ بنے، خواجہ آصف نے جس دلیری اور ثابت قدمی سے حکومت کے سیاسی انتقام کا سامنا کیا، وہ باعث فخر ہے۔