سپیکر قومی اسمبلی نے متنازعہ قانون سازی کے معاملے پر 14 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی

سپیکر قومی اسمبلی نے متنازعہ قانون سازی کے معاملے پر 14 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے متنازعہ قانون سازی کے معاملے پر 14 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو اپنی سفارشات سپیکر قومی اسمبلی کو پیش کرے گی۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق سپیکر اسد قیصر نے قومی اسمبلی میں پارلیمانی پارٹیوں کے رہنماؤں کی مشاورت سے متنازع قانون سازی کے معاملے پر 14 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی میں وفاقی وزراءپرویز خٹک، اسد عمر، طارق بشیر چیمہ اور فہمیدہ مرزا سمیت وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان، خالد مقبول صدیقی اور خالد مگسی شامل ہیں۔
مذکورہ کمیٹی میں اپوزیشن کو بھی نمائندگی دی گئی ہے جن کی جانب سے شاہد خاقان عباسی، ایاز صادق، رانا ثنااللہ، شاہدہ اختر علی، نوید قمر، شازیہ مری اور آغا حسن بلوچ کمیٹی کا حصہ بنے ہیں، پارلیمانی کمیٹی اپنے ٹی او آرز کو حتمی شکل دے گی اور اپنی سفارشات سپیکر قومی اسمبلی کو پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل حکومت نے قومی اسمبلی سے الیکشن کمیشن، الیکشن اصلاحات، اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹنگ اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے متعلق بل سمیت 21 بل منظور کروائے تھے جس کی اپوزیشن کی جانب سے شدید مخالفت کی گئی تھی اور حکومت سے متنازع قانون سازی کو واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔