فلپائن کے سابق صدر انتقال کر گئے

فلپائن کے سابق صدر انتقال کر گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

منیلا: فلپائن کے سابق صدر بینیگنو ایکیونو طویل علالت کے باعث انتقال کر گئے ہیں جس پر یورپی یونین کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلپائن کے سابق صدر گزشتہ 5 ماہ سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور حال میں ان کے دل کی سرجری بھی ہوئی تھی۔ سابق صدر کو جمعرات کے روز ہی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دم توڑ گئے جبکہ فلپائن کے دارالحکومت منیلا کی جانب سے بھی سابق صدر کے انتقال کی تصدیق کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 61 سالہ ایکیونو فلپائن کے 15 ویں صدر تھے اور انہوں نے 2010ءسے 2016ءتک صدر کی ذمہ داریاں انجام دیں۔ ایکیونو کے دور صدارت میں فلپائن میں معاشی ترقی دیکھی گئی تاہم انہیں اپنے دور صدارت میں کچھ تنازعات کا بھی سامنا رہا جس میں ان پر مس مینجمنٹ کے الزامات عائد کئے گئے۔
سابق فلپائنی صدر کے اہل خانہ نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے آخری دنوں میں ان کیساتھ کام کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم کتنے افسردہ ہیں اور ہمارے دل کس قدر ٹوٹ گئے ہیں، یہ بیان کرنے کیلئے ہمارے پاس الفاظ نہیں اور ہم نہیں جانتے کہ اس حقیقت کو تسلیم کرنے میں ہمیں کتنا وقت لگے گا۔