خواجہ آصف جیل سے رہا ، جناح ہسپتال میں زیر علاج

خواجہ آصف جیل سے رہا ، جناح ہسپتال میں زیر علاج
کیپشن: خواجہ آصف جیل سے رہا ، جناح ہسپتال میں زیر علاج
سورس: فائل فوٹو

لاہور : مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیر خواجہ آصف کو رہا کر دیا گیا۔جیل حکام خواجہ آصف کی رہائی کے احکامات لے کر اسپتال پہنچے۔

نیو نیوز کے مطابق خواجہ آصف جناح ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ جیل کے عملے نے رہائی کی روبکار خواجہ آصف کو ہسپتال  میں پہنچادی ہے۔ 

خواجہ آصف کے وکیل نجم الحسن کے مطابق ڈاکٹروں نے خواجہ آصف کو 2 دن تک آرام کا مشورہ دیا ہے۔ خواجہ آصف کے مثانے کا آپریشن ہوا ہے۔

سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کاشف رسول کے مطابق خواجہ آصف کی رہائی کے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔

ن لیگی رہنما خواجہ  آصف کو ضمانت پر رہائی کے باوجود ہسپتال سے ڈسچارج نہیں کیا گیا۔ذرائع کے مطابق خواجہ آصف بدستور لاہور کے جناح اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ڈاکٹرزنے شام تک آبزرویشن  میں رکھاہے۔ڈسچارج کرنے کا فیصلہ شام کو کیا جائے گا۔ہسپتال انتظامیہ نے یورالوجی سمیت دیگرماہرین طب کوبھی طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس شہباز رضوی پر مشتمل بینچ نے گزشتہ روز خواجہ آصف کی منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمانت منظور کی تھی۔