صبور نے علی انصاری کیساتھ رشتہ طے ہونے کی اصل کہانی بتا دی

صبور نے علی انصاری کیساتھ رشتہ طے ہونے کی اصل کہانی بتا دی
کیپشن: صبور نے علی انصاری کیساتھ رشتہ طے ہونے کی اصل کہانی بتا دی
سورس: فائل فوٹو

کراچی: معروف اداکارہ صبور علی نے بتایا ہے کہ ان کا اور اداکار علی انصاری کا رشتہ بہت اچانک طے پایا۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ صبور علی نے اپنے کیرئیر سمیت ذاتی زندگی کے حوالے سے دلچسپ گفتگو کرتے ہوئے علی انصاری کیساتھ رشتہ طے ہونے کی کہانی بتاتے ہوئے کہا کہ علی کی بہن اداکارہ مریم انصاری میری اور سجل کی بہت اچھی دوست ہیں، مریم مجھے اکثر کہتی تھیں کہ تم میرے بھائی سے شادی کرلو وہ بہت اچھا اور نیک شخص ہے، جس لڑکی سے یہ شادی کرے گا وہ بہت خوش قسمت ہوگی۔

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ میں اور علی اچھے دوست تھے، ہم دونوں ایک دوسرے سے اپنی زندگی کے حالات کا تذکرہ کیا کرتے تھے، میں نے علی کو بہت لڑکیوں کیلئے بھی کہا کہ یہ اچھی لڑکی ہے دیکھ لو میں گارنٹی دیتی ہوں۔

صبور کا کہنا تھا کہ بعدازاں مریم نے سجل سے بات کی اور پھر مجھے اور علی کو اس بات کیلئے رضا مند کیا گیا کہ ہم زندگی گزارنے سے متعلق ایک دوسرے سے بات کریں۔ میں اس حوالے سے بات کرنے کے حق میں نہیں تھی اور میں نے کہا جو بھی ہو بس جلد از جلد ہو جائے جبکہ میں نے سوچا ایسا کہوں گی تو رشتہ نہیں ہو گا لیکن ہو گیا۔

صبور علی کا کہنا تھا کہ یہ سب بہت جھٹ پٹ ہوا اور ہمیں یہ بھی نہیں معلوم تھا کہ بات پکی کرنے جب علی کے گھر والے آئیں گے تو ہم نے کون سے کپڑے پہننے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے آغاز پر اداکارہ صبور علی اور علی انصاری کی بات پکی ہونے کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئی تھیں جو  اداکارہ نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی تھیں۔