انگلینڈ نے ثقلین مشتاق کو اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مقرر کر دیا

انگلینڈ نے ثقلین مشتاق کو اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مقرر کر دیا

کراچی:پاکستان کے مایہ ناز آف اسپنر ثقلین مشتاق کو انگلینڈ نے اپنا اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مقرر کر لیا ہے ۔ مایہ ناز آف اسپنر نے میڈیا کو بتایا کہ ای سی بی کے ساتھ2 سالہ کنٹریکٹ پر دستخط ہو گئے ہیں.


ثقلین مشتاق آف اسپنر کی مخصوص گیند ’’دوسرا‘‘ کے موجد ہیں، کئی برس تک ملک کیلیے خدمات انجام دینے کے بعد وہ انگلینڈ منتقل ہو گئے تھے، اس دوران انھوں نے انگلش ٹیم سمیت نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کیلیے بھی بطور اسپن مشیر خدمات انجام دیں،کچھ عرصے قبل وہ اہل خانہ کے ہمراہ دوبارہ پاکستان شفٹ ہو گئے تھے مگر انھیں پی سی بی نے لفٹ نہ کرائی. صرف چند روز کیلیے سعید اجمل کا بولنگ ایکشن درست کرانے کا کام سونپا گیا تھا جبکہ انگلینڈ نے دورئہ بھارت میں ثقلین کو پہلے ٹیسٹ سیریز اور پھر ون ڈے میں بھی ٹیم کے ساتھ رکھا. اس دوران ان کی عمدہ کارکردگی سے خوش ہو کر اب طویل المدتی معاہدہ کر لیا ہے۔

 انگلش ٹیم کے ساتھ میں لائنز اور انڈر 19 پلیئرز کی بھی رہنمائی کروں گا، مجھے سال میں 100 دن کام کرنا ہوگا، اس دوران ٹورز کرنے کے ساتھ کیمپس میں بھی خدمات انجام دوں گا، انھوں نے کہا کہ گزشتہ دورانیے میں میری کوچنگ سے عادل رشید سمیت دیگر اسپنرز کی بولنگ میں بہتری آئی تھی. اب بھی امید ہے کہ میں ان کی صلاحیتوں کو نکھار سکوں گا۔