دہشتگرد ہو یا مشرف، قانون کے مطابق سزا دی جائے: بلاول بھٹو

دہشتگرد ہو یا مشرف، قانون کے مطابق سزا دی جائے: بلاول بھٹو

بنوں: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشتگرد ہو یا مشرف قانون کے مطابق سزا دی جانی چاہیے۔ مولانا فضل الرحمان فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کی مخالفت کر رہے ہیں۔

بنوں میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان فاٹا کو کے پی کے میں ضم کرنے کی مخالفت کر رہے ہیں۔ مولانا صاحب آپ قوم کو بتائیں کہ آپ کو فاٹا کے عوام سے کیا دشمنی ہے، آپ فاٹا کے لوگوں کے بنیادی انسانی حقوق کیوں پامال کر رہے ہیں؟ ہماری پارٹی نے فاٹا کے لوگوں کو ووٹ کا حق دیا اور ان کی جماعت فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام 40 سال سے آگ اور خون کا مقابلہ کررہے ہیں اور یہ خوشبو کی وادی جنگ کی خوشبو میں تبدیل کردی گئی ہے۔

بلاول بھٹو نے خیبرپختونخوا کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور چیئرمین عمران خان کے حوالے سے کہا کہ 'اگر جھوٹ کا عالمی میلہ لگا تو سب سے بڑا تاج عمران خان کو ہی پہنایا جائے گا'۔

انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو مخاطب کرکے مزید کہا کہ 'عمران خان آپ نے صرف گالی دی اور یوٹرن لیا'۔