سونم کپور مئی میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی

سونم کپور مئی میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی

ممبئی: بالی ووڈ   کی خوبرو اداکارہ سونم کپور رواں سال مئی میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔

فلم رانجھنا، بھاگ ملکھا بھاگ اور سانوریا جیسی خوبصورت فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی بالی ووڈ  کی فیشن آئیکون سونم کپور نے ہمیشہ اپنی شادی کی خبروں کی تردید کی ہے، اپنے انٹرویوز میں وہ کئی بار شادی کے سوال پر آگ بگولہ ہوچکی ہیں لیکن ہر بار شادی کی خبروں کی تردید کرنے والی سونم کپور نے بالآخر شادی کرنے کا فیصلہ کر ہی لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سونم کپور رواں سال 11 یا12 مئی کو اپنے بوائے فرینڈ آنند آہوجا کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔ دونوں کی شادی سوئٹزرلینڈ کے شہر جینیوا میں ہو گی۔ شادی میں سنگیت اور مہندی سمیت تمام رسمیں ادا کی جائیں گی۔ شادی کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں اور سونم کپور کے والد اداکار انیل کپور مہمانوں کو خود فون کر کے دعوت نامہ دیں گے۔

سونم ایک پروجیکٹ کے سلسلے میں اس وقت جینیوا میں موجود ہیں اور وہیں انہوں نے اس خوبصورت مقام پر شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔ سونم کپور کی شادی کا جوڑا ڈیزائنر ابوجانی اور سندیپ کھوسلہ ڈیزائن کریں گے۔