چین، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 78 نئے کیسز رپورٹ

چین، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 78 نئے کیسز رپورٹ
کیپشن: وائرس سے مزید 7 افراد ہلاک ہو گئے اور یہ تمام ہلاکتیں ووہان میں ہوئیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

بیجنگ: چین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 78 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے بڑی تعداد بیرون ملک سے آنے والے افراد کی تھی جس سے انفیکشن کی دوسری لہر کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق وائرس کے مرکز ووہان سے تقریباً ایک ہفتے تک کوئی نیا کیس سامنے نہ آنے کے بعد پہلا نیا کیس سامنے آ گیا جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں 3 مقامی سطح پر پھیلے انفیکشن سامنے آئے۔

چین کے قومی صحت کمیشن نے بتایا کہ وائرس سے مزید 7 افراد ہلاک ہو گئے اور یہ تمام ہلاکتیں ووہان میں ہوئیں۔

منگل کے روز 74 نئے بیرون ملک سے آئے کیسز سامنے آئے جو مارچ کے آغاز سے رپورٹ ہونے والے ڈیٹا کے مطابق ایک روز میں سامنے آنے والے اب تک کے سب سے زیادہ کیسز ہیں اور گزشتہ روز سامنے آنے والے کیسز کے دوگنے ہیں۔

چین میں اب تک کورونا وائرس کے 81 ہزار 553 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 3 ہزار 281 افراد ہلاک اور 73 ہزار 277 صحت یاب ہو چکے ہیں۔