کورونا وائرس نے مزید 30 پاکستانیوں کی جان لے لی، 3301 نئے کیس رپورٹ

Corona virus kills 30 more Pakistanis, 3301 new case reports
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: کورونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 30 اموات اور 3 ہزار 301 نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ 957 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق پاکستان بھر میں کورونا سے متاثرہ کنفرم مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 37 ہزار 42، ایکٹو کیسز 36 ہزار 849، اموات 13 ہزار 965 جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 86 ہزار 228 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے سب سے زیادہ خطرات صوبہ پنجاب پر منڈلا رہے ہیں جہاں اب تک 6 ہزار 48 اموات سامنے آ چکی ہیں۔ اس وقت یہاں کنفرم مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 27 ہزار 43، ایکٹو کیسز 17 ہزار 753 اور ریکوریز ایک لاکھ 78 ہزار 942 ہو چکی ہیں۔

اس وبا سے متاثر ہونے والا دوسرا صوبہ سندھ ہے جہاں اب تک 4 ہزار 482 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا 2238، اسلام آباد میں پانچ سو باون، گلگت بلتستان میں ایک سو تین، بلوچستان میں دو سو تین اور آزاد کشمیر میں تین سو انتالیس افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسوں کی تعداد 53136، خیبر پختونخوا 81204 ، سندھ دو لاکھ تریسٹھ ہزار چھ سو چوالیس، پنجاب دو لاکھ دو ہزار سات سو ترتالیس، بلوچستان انیس ہزار تین سو چوہتر، آزاد کشمیر گیارہ ہزار نو سو چھیالیس اور گلگت بلتستان میں دو ہزار نو سو پچھتر افراد اس وبائی مرض سے متاثر ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے تدارک کیلئے حفاظتی ٹیکے لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔ پہلے مرحلے میں طبی عملے کی ویکسی نیشن کی گئی تھی جبکہ اب معمر شہریوں کو ادویات دی جا رہی ہیں۔

ویکسی نیشن کیلئے صوبہ پنجاب میں ایک سو 89، صوبہ سندھ میں چودہ، خیبر پختونخوا میں 280، بلوچستان میں چوالیس، اسلام آباد میں چودہ، آزاد کشمیر میں پچیس اور گلگت بلتستان میں سولہ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔