کورونا وائرس کے خطرات، تعلیمی اداروں کی تعطیلات 11 اپریل تک بڑھانے کا فیصلہ

Coronavirus threats, decision to extend school holidays until April 11
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر مختلف اضلاع میں موجود تمام تعلیمی اداروں میں 11 اپریل تک چھٹیوں میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے جبکہ نویں تا بارہویں جماعت کے امتحانات شیڈول کے مطابق مئی میں ہی منعقد ہوں گے۔ 

  تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سمیت چاروں صوبوں کے وزرائے صحت و تعلیم نے شرکت کی اور اس دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور تعلیمی اداروں سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

شفقت محمود نے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں چھٹیوں میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل وزارت تعلیم نے کورونا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے 15 مارچ سے 28 مارچ تک تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا اعلان کیا تھا لیکن عالمی وبا کا پھیلاؤ زیادہ ہونے کی وجہ سے اس میں 11 اپریل تک اضافہ کر دیا گیا ہے، یہ بات درست ہے کہ تعلیمی اداروں کی بندش سے طلبہ کی پڑھائی بہت متاثر ہو رہی ہے لیکن ہمارے لئے بچوں کی صحت اولین ترجیح ہے۔

 وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس اب 7 اپریل کو ہوگا جس میں وبائی مرض کی صورتحال کو دیکھ کر آئندہ کا فیصلہ لیا جائے گا، تب تک تمام تعلیمی اداروں کو فیصلے پر عمل کرنا ہو گا جبکہ خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کو سیل کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کن اضلاع میں تعلیمی اداروں کو بند کرنا ہے، اس بات کا فیصلہ صوبائی حکومتیں ہی کریں گی، ہم نے انہیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں ہونے والے فیصلوں سے آگاہ کر دیا ہے، اس پر عملدرآمد کرانا اب ان کا کام ہے۔