مریم نواز کی عبوری ضمانت 12 اپریل تک منظور

مریم نواز کی عبوری ضمانت 12 اپریل تک منظور

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی عبوری ضمانت 12 اپریل تک منظور کر لی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مریم نواز شریف کی نیب نوٹس اور ممکنہ گرفتاری کے خلاف عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی جس دوران مریم نواز اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ 

مریم نواز شریف نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ نیب نے 1,500 کنال اراضی سے متعلق انکوائری شروع کر رکھی ہے ، انکوائری میں شامل تفتیش ہونا چاہتی ہوں مگر گرفتاری کا خدشہ ہے، نیب حکومت کے اشارے پر سیاسی مخالفین کو ٹارگٹ کر رہا ہے اور حکومت کے دباؤ پر ہی مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے ، اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ وہ میری عبوری ضمانت منظور کرے ۔ 

مریم نواز شریف کی جانب سے قانون دان اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز ایڈووکیٹ پیش ہوئے جنہوں نے اپنے دلائل دیئے جبکہ مریم نواز کے ساتھ رانا ثناءاللہ اور دیگر رہنما بھی عدالت میں موجود تھے۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے دلائل سننے کے بعد مریم نواز شریف کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں عبوری ضمانت دیدی ہے۔ 

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نیب نے مریم نواز شریف کو دو مقدمات میں 26 مارچ کو طلب کر رکھا ہے اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اس موقع پر کارکنوں اور رہنماؤں کو بھی عدالت آنے کی کال دے رکھی ہے۔