بلاول بھٹو سے کوئی اختلاف نہیں، پی ڈی ایم اپنے فیصلے خود کرے گی: مریم نواز

بلاول بھٹو سے کوئی اختلاف نہیں، پی ڈی ایم اپنے فیصلے خود کرے گی: مریم نواز
کیپشن: بلاول بھٹو سے کوئی اختلاف نہیں ہے ، مریم نوا ز
سورس: file photo

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو کیساتھ اختلافات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جتنا انتقام ہونا تھا ہو گیا، جتنا برداشت کرنا تھا کر لیا، اب ان کو مزید موقع نہیں دیں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق مریم نوازشریف نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سیاسی مقدمہ ہے جو انتقام پر مبنی ہے اور پہلےکہہ چکی ہوں جتنا انتقام ہونا تھا ہوگیا، جتنا برداشت کرنا تھا کر لیا، انتقام سہہ کر برداشت کرکے ان کو ایکسپوز کیا ہے۔

اب عمران خان کی حکومت مشکل میں آئی ہے اور اس کی کشتی ڈوب رہی ہے، نیب کوعمران خان کی ڈوبتی کشتی بچانے کا موقع نہیں دیا جائے گا، اگر عمران خان گھر نہ جارہا ہوتا تو مریم نواز کو نیب بلانے کی ضرورت نہ پڑتی، نیب کو نیب کے علاوہ سب چلا رہے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نے انتقام کو روکنے اور مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، میں نوازشریف کی بیٹی ہوں، رواداری کی سیاست اور تعلقات کو نبھاناجانتی ہوں، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اپنا لائحہ عمل خود طے کرے گی، اس میں کسی اور کا کوئی عمل دخل نہیں، پی ڈی ایم عوام کی توقعات کے مطابق ہی فیصلے کرے گی۔ 

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سے کوئی اختلاف نہیں، پیپلزپارٹی کی اپنی اور (ن) لیگ کی اپنی حکمت عملی ہے مگر  مشترکہ مقاصد کیلئے پی ڈی ایم کی صورت میں اپوزیشن اتحاد بنایا ہے،  پی ڈی ایم اپنا لائحہ عمل بھی خود طے کرے گی، اس میں کسی اورکا عمل دخل نہیں۔