یوسف رضا گیلانی کی چیئرمین سینٹ کا انتخاب کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد

Senate chairman election: Verdict reserved on maintainability of Gillani’s plea

اسلام آباد: ہائیکورٹ نے چیئرمین سینٹ الیکشن سے متعلق سابق وزیر اعظم  یوسف رضاگیلانی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی ہے اور چیف جسٹس اطہر امن اللہ نے اس حوالےسے محفوظ کیا گیا 13 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری ہونے والے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین سینٹ الیکشن سینٹ کا اندرونی معاملہ ہے ،اس لئے صاد ق سنجرانی ہی چیئرمین سینٹ رہیں گے ،عدالت توقع رکھتی ہے کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا  اور پارلیمنٹ کے مسائل پارلیمنٹ کے اندر ہی حل کئے جائیں گے کیونکہ آرٹیکل 69 کے تحت عدالت اس معاملے میں مداخلت نہیں کر سکتی ۔

 واضح رہے کہ سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین سینیٹ کا انتخاب اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے انتخاب کو کالعدم قرار دینے اور غیر قانونی طور پر مسترد ووٹوں کا ان کے حق میں فیصلہ دینے کی استدعا کی تھی۔

 فاروق ایچ نائیک کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں سیکرٹری وزارت قانون و انصاف، سیکرٹری وزارت پارلیمانی امور  اور چیئرمین سینیٹ  کے انتخابات کیلئے مقرر پریزائڈنگ افسر کو فریق بنایا گیا تھا۔