مریم نواز کی نیب میں پیشی، پیپلز پارٹی کا ساتھ جانے کا اعلان

مریم نواز کی نیب میں پیشی، پیپلز پارٹی کا ساتھ جانے کا اعلان
کیپشن: مریم نواز کی نیب میں پیشی، پیپلز پارٹی کا ساتھ جانے کا اعلان
سورس: فائل فوٹو

کراچی:اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی دو بڑی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے درمیان برف پگھلنے لگی ہے کیونکہ پیپلز پارٹی نے مریم نواز شریف کی قومی احتساب بیورو (نیب) میں پیشی کے موقع پر ان کے ہمراہ جانے کا اعلان کر دیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ان کی قیادت مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی قومی احتساب بیورو میں پیشی پر ساتھ جائے گی جن کی قیادت سینئر رہنماء قمر الزمان کائرہ کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ  ہفتے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے رائے ونڈ میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ 26 مارچ کو نیب پیشی کے موقع پر پی ڈی ایم کے کارکن مریم نواز شریف کے ساتھ جائیں گے۔ 

 خیال رہے کہ آج لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی عبوری ضمانت 12 اپریل تک منظور کر لی ہے۔ ہائیکورٹ کے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مریم نواز شریف کی نیب نوٹس اور ممکنہ گرفتاری کے خلاف عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی جس دوران مریم نواز اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ 

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز کی 26 مارچ کو پیشی سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے بڑے انتظامات کر لیے ہیں،  نیب لاہور آفس کے باہر 3 درجاتی سیکیورٹی لیئر قائم کی جائیں گی، نیب کے اندر اور باہر رینجرز اہلکار تعینات کئے جائیں گے جبکہ  سیکیورٹی پر پولیس،اینٹی رائیٹ فورس اور سادہ لباس میں ملبوس افراد تعینات ہوں گے اور ریڈزون میں کسی بھی شخص، کارکن، رہنما اور میڈیا کے فرد کے جانے پر پابندی ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب آفس میں مریم نواز کے علاوہ کوئی بھی رہنما یا وکیل وغیرہ کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی،  نیب آفس کے باہر کیمروں سے ریڈ زون کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور  نقص امن کا باعث بننے والے افراد کو فوری حراست میں لیا جائے گا، سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے 2 ہزار اہلکار تعینات ہوں گے۔قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی 26 مارچ کی پیشی کے موقع پر پنجاب حکومت نیب لاہور آفس کو ریڈ زون قرار دینے کی منظوری دے چکی ہے۔