اسلام آباد میں کورونا کیسز میں اضافہ، انتظامیہ نے نئی پاپندیاں عائد کر دیں

 اسلام آباد میں کورونا کیسز میں اضافہ، انتظامیہ نے نئی پاپندیاں عائد کر دیں
کیپشن: اسلام آباد میں کورونا کیسز میں اضافہ، انتظامیہ نے نئی پاپندیاں عائد کر دیں
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: عالمگیر موذی وباء کورونا وائرس کی تیسری لہر کی وجہ سے وفاقی درالحکومت میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر انتظامیہ نے نئی پاپندیاں نافذ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔ 

تفصیلات کے مطابق ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا  ہے کہ ہر طرح کے انڈور ڈائننگ پر پابندی ہو گی اور آؤٹ ڈور کھانے کی اجازت رات 10 بجے تک ہو گی جبکہ ویک اینڈ پر ان ڈور، آؤٹ ڈور ڈائننگ پر پابندی ہو گی تاہم ویک اینڈ پر صرف ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہو گی۔

 نئے حکم نامے میں انڈور اجتماعات پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے جبکہ کھلے مقامات پر 300 افراد کے اجتماع کی ایس او پیز کے تحت اجازت ہو گی۔ کھیلوں ، تہواروں اور دیگر پروگراموں پر بھی مکمل پابندی ہو گی اور تفریحی پارکس بھی بند رہیں گے تاہم واک اور جاگنگ ٹریک کورونا ایس او پیز کے ساتھ کھلے رہیں گے۔

 نوٹیفیکیشن کے مطابق مناسب وینٹی لیشن انتظامات کی حامل مارکیز کو انڈور شادی تقریبات کی اجازت دی گئی ہے۔ انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد گنجائش پر کام کرے گی اور تمام تجارتی سرگرمیوں پر رات 10 بجے کے بعد پابندی عائد ہو گی۔

 دوسری جانب ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر زعیم ضیاء کے مطابق اسلام آباد میں 24 گھنٹے کے دوران 460 کورونا کیس رپورٹ ہوئے اور 24 گھنٹے میں مثبت کیسز کی شرح 8.8 فیصد رہی  جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا  سے 4 مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔

 خیال رہے کہ آج اسلام آباد میں ہونے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا تھا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تمام تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رہیں گے۔