رمضان میں شہری افطارسے ڈیڑھ گھنٹہ قبل دفاترسے نکلیں،ڈی آئی جی ٹریفک آصف اعجاز شیخ

رمضان میں شہری افطارسے ڈیڑھ گھنٹہ قبل دفاترسے نکلیں،ڈی آئی جی ٹریفک آصف اعجاز شیخ

کراچی : ڈی آئی جی ٹریفک کراچی آصف اعجازشیخ نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک میں ٹریفک کا نظام مربوط انداز میں چلانے کے لیے ٹریفک پولیس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

آصف اعجاز شیخ نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈاینڈانڈسٹری اورایف پی سی سی آئی کی لااینڈآرڈرکمیٹی کے چیئرمین ندیم خان کی جانب سے دیے گئے استقبالیے میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ٹریفک پولیس کی ہرممکن کوشش ہے کہ شہریوں سے نرم رویہ اختیار کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے لیکن شہریوں پربھی یہ لازم ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کے ساتھ مثبت رویہ رکھیں۔ڈی آئی جی ٹریفک کراچی آصف شیخ نے کہا کہ شہریوںکوچاہئیے کہ وہ ماہ رمضان المبارک میں سڑکوں پرتیزرفتاری سے گاڑیاں چلاکر جلدگھر پہنچنے کے بجائے افطار سے ایک تا ڈیڑھ گھنٹہ قبل دفاتر سے اپنے گھروں کو روانہ ہوں تاکہ ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا نہ ہو،انھوں نے حالیہ گڈزٹرانسپورٹرزکی ہڑتال کے بارے میں کہاکہ قانون کی پاسداری ہمارافرض ہے اورہم عدالتی حکم پراپنے فرائض اداکررہے ہیں۔

اس موقع پرندیم خان نے کہاکہ شہرمیں چنگ چی رکشوں کی بھرمارکی وجہ سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثرہورہی ہے،چنگ چی رکشوں کے ڈرائیور سڑک کے درمیان رکشے کھڑے کردیتے ہیں جس سے حادثات ہوتے ہیں،چنگ چی رکشوں کی انجمن کوپابند کیا جائے گا کہ وہ چنگچی رکشا ڈرائیوروں سے قانون کی پاسداری کرائیں سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے ماہ رمضان المبارک میں ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر رہے گی۔