برطانیہ میں مزید حملوں کا خطرہ، اہم مقامات پر فوج تعینات کر دی گئی

 برطانیہ میں مزید حملوں کا خطرہ، اہم مقامات پر فوج تعینات کر دی گئی

لندن:برطانیہ کی وزیر اعظم ٹریزا مے نے خبردار کیا ہے کہ مانچیسٹر حملے کے بعد برطانیہ میں کسی بھی وقت اگلا حملہ ہو سکتا ہے اور اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے خطرے کی سطح کو بڑھا دیا گیا ہے۔برطانیہ میں حکومت نے مزید حملوں کے امکان کے پیشِ نظر خطرے کی سطح کو بڑھا کر 'کریٹیکل' کر دیا گیا ہے جبکہ تمام اہم عمارتوں کی نگرانی کے لیے فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
برطانوی ٹی وی کے مطابق یہ فیصلہ کابینہ کی کوبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا گیا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ اقدام اس لیے اٹھایا گیا ہے کیوں کہ تحقیقاتی ادارے اب تک اس بات کو یقینی نہیں بنا سکے کہ آیا سلمان عبیدی حملے میں اکیلا ملوث تھا یا اس کو کسی کی مدد حاصل تھی۔ٹریزا مے کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس بات کے امکانات بھی ہیں کہ مانچیسٹر حملے میں ایک شخص نہیں بلکہ ’کوئی گروہ‘ ملوث ہو۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے ’آپریشن ٹیمپیرر‘ کا آغاز کر دیا ہے اور اس کے تحت عوام کے تحفظ کے لیے اہم عوامی مقامات پر مسلح پولیس کی مدد کے لیے فوج کو تعینات کیا جائے گا۔ٹریزا مے کا کہنا تھا کہ آنے والے ہفتوں میں پولیس کو مختلف جگہوں پر جیسا کے کنسرٹس وغیرہ میں بھی تعینات کیا جائے گا اور وہ پولیس آفسروں کے ماتحت کام کریں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں