ملک کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن، 5 امن دشمن ہلاک

ملک کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن، 5 امن دشمن ہلاک

لاہور: ملک کے چپے چپے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ قلات کے علاقے سوراب میں سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ ادھر گوجرانوالہ میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم داعش سے تعلق رکھنے والے ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشگرد کے قبضہ سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹر سمیت دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔ ملتان میں قدیر آباد کے قریب ڈاکوؤں کو لے جانے والی پولیس پارٹی پر ملزموں کے ساتھیوں نے حملہ کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو ہلاک جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہو گئے تاہم پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی۔

ادھر جھنگ میں سرگودھا روڈ پر پکی کوٹھی کے قریب بھی مبینہ پولیس مقابلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ گولی لگنے سے ایس ایچ او تھانہ صدر زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واضح رہے ملک بھر میں آپریشن "رد الفساد" کے تحت اب تک سیکڑوں امن دشمنوں کو جہنم واصل کیا جا چکا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں