معروف مزاحیہ اداکار رنگیلا کو مداحوں سے بچھڑے بارہ برس بیت گئے

معروف مزاحیہ اداکار رنگیلا کو مداحوں سے بچھڑے بارہ برس بیت گئے

لاہور: پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف مزاحیہ اداکار رنگیلا کو اپنے مداحوں سے بچھڑے بارہ برس بیت چکے ہیں ان کی 12 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ وہ فلم انڈسٹری میں بیک وقت کامیڈین، ہیرو، ولن، کریکٹر ایکٹر، پروڈیوسر، فلم ڈائریکٹر، مصنف، موسیقار تھے۔ رنگیلا فلم انڈسٹری کے وہ خوش قسمت اداکار تھے جو کہ کامیڈی فلموں کا سمبل سمجھے جاتے تھے۔

سعید خان المعروف رنگیلا 1937ء کو افغانستان کے صوبہ ننگر ہار میں پیدا ہوئے تھے وہ تعلیم حاصل نہ کر سکے تھے لیکن اپنی خداداد تخلیقی صلاحیتوں کی بدولت فلمی دنیا میں متعارف ہوئے اور بہت جلد شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے پھر وہ دن بھی آئے کہ جیسے ہی رنگیلا فلمی سکرین پر نمودار ہوتے تھے سینما ہال تالیوں سے گونج اٹھتے تھے۔

رنگیلا نے ساڑھے چھ سو سے زائد فلموں میں کام کیا جن میں اردو، پنجابی، پشتو اور دیگر زبانوں کی فلمیں شامل ہیں۔ رنگیلا کی پہلی فلم ” داتا “ تھی جبکہ ان کی قابل ذکر فلموں میں چوڑیاں، موج میلہ، ہتھ جوڑی، منجی کتھے ڈاہواں، بھریا میلہ، ماں پتر ، ہیر رانجھا اور دیگر شامل ہیں۔

رنگیلا نے دو فلموں عورت راج اور دو رنگیلے میں بطور پلے بیک سنگر کام کیا جبکہ بطور مصنف انہوں نے فلم رنگیلا تحریر کی جو کہ کامیابی سے ہمکنار نہ ہو سکی۔ رنگیلا نے نجی زندگی میں تین شادیاں کیں ان کے 6 بیٹے اور 8 بیٹیاں ہیں۔ سعید خان عرف رنگیلا 24 مئی 2005ء کو 68 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں