سام سنگ کے 2 ' سستے ' فون پاکستان آنے کے لیے تیار

سام سنگ کے 2 ' سستے ' فون پاکستان آنے کے لیے تیار
کیپشن: image by face book

لاہور:سام سنگ نے اپنی جے سیریز کے 2 'سستے' اسمارٹ فونز جلد پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا ہے، سام سنگ پاکستان کی جانب سے یوٹیوب ویڈیو (ویڈیو نیچے دیکھیں) میں گلیکسی جے 4 اور گلیکسی جے 6 جلد متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا۔

گلیکسی جے 4 میں کمپنی نے 5.5 انچ کی سپرامولیڈ ڈسپلے دیا ہے جس میں 720x1280 پکسلز ریزولوشن اور 16:9 اسکرین ٹو باڈی ریشو ہے ،یہ فون ایکسینوس 7570 پراسیسر، 2 جی بی ریم اور 16 جی بی اسٹوریج سے لیس ہوگا۔

اس کے بیک پر 13 میگا پکسل جبکہ فرنٹ پر 5 میگا پکسل کیمرہ ہوگا، 3000 ایم اے ایچ بیٹری جبکہ اینڈرائیڈ اوریو آپریٹنگ سسٹم ہوگا۔اس فون کی متوقع قیمت 15 ہزار روپے ہے۔

اس کے مقابلے میں گلیکسی جے 6 میں 5.6 انچ کی ایچ ڈی پلس اسکرین دی گئی ہے جو کہ 1480x720 ریزولوشن کے ساتھ ہوگی اور ہاں یہ امولیڈ انفٹنی ڈسپلے ہوگا جس میں 18:5:9 اسپیکٹ ریشو دیا گیا ہے۔

اس میں جے فور کے مقابلے میں زیادہ بہتر ایکسینوس 7870 پراسیسر، تھری جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج ہوگی، جس میں ایس ڈی کارڈ سے اضافہ ممکن ہے ،اس کے بیک پر 13 میگا پکسل جبکہ فرنٹ پر 8 میگا پکسل کیمرہ ہوگا۔

اسی طرح بیک پر کیمرے کے نیچے فنگر پرنٹ سنسر دیا جائے گا جبکہ 3000 ایم اے ایچ بیٹری اور اینڈرائیڈ اوریو 8.1 آپریٹنگ سسٹم ہوگا۔اس فون کی قیمت 25 ہزار روپے ہونے کا امکان ہے اور آنے والے ہفتوں میں یہ دونوں ڈیوائسز صارفین کے لیے دستیاب ہوں گی۔