(ن) لیگ کا کسی بھی شخص کی ذاتی زندگی سے کوئی لینا دینا نہیں، شہباز شریف

(ن) لیگ کا کسی بھی شخص کی ذاتی زندگی سے کوئی لینا دینا نہیں، شہباز شریف
کیپشن: شہباز شریف نے لیگی رہنماؤں اور عہدیداروں کو چیئرمین نیب کے حوالے سے تبصرہ نہ کرنے کی ہدایت کر دی۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ شہباز شریف آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے معاملے پر لاتعلق رہنے کا اعلان کیا ہے۔ (ن) لیگ کا کسی بھی شخص کی ذاتی زندگی سے کوئی لینا دینا نہیں جبکہ ہماری جماعت اپنے سیاسی اور قانونی بیانیے سے جڑی رہے گی۔

شہباز شریف نے لیگی رہنماؤں اور عہدیداروں کو چیئرمین نیب کے حوالے سے تبصرہ نہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

خیال رہے کہ نجی چینل نے ایک آڈیو ٹیپ چلائی جس میں کوئی مرد ایک خاتون سے بظاہر ناشائستہ گفتگو کر رہا ہے۔ اس حوالے سے نیب کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نجی چینل کی آڈیو ٹیپ میں ایک آواز جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سے منسوب کی گئی اور یہ بلیک میلرز گروہ کا جھوٹا پروپیگنڈا ہے۔

نیب اعلامیے کے مطابق ادارے نے تمام دباؤ اور بلیک میلنگ کو پس پشت رکھتے ہوئے اس بلیک میلر گروہ کے دو افراد کو نہ صرف گرفتار کیا بلکہ ریفرنس کی بھی منظوری دی ہے۔