لندن :بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کہتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ کھیلنا ہے یا نہیں اس بارے میں خالصتا فیصلہ بورڈ کو کرنا ہے، نہ یہ ان کا کام ہے اور نہ اس بارے میں وہ کوئی سوچ رکھتے ہیں۔
277بین الاقوامی ون ڈے میچوں میں 41سنچریوں کے ساتھ 10843رنز بنانے والے کوہلی اعتراف کرتے ہیں کہ ورلڈ کپ جیسے میگا ایونٹ میں ٹیم انڈیا کی قیادت ان کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے۔کوہلی نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ ورلڈ کپ میں ٹیمیں بڑے اسکور کے حصول میں تواتر کے ساتھ کامیاب ہوں گی۔
وہ کہتے ہیں کہ ورلڈ کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ کا اپنا دباﺅ ہوتا ہے، جسے آپ نظر انداز نہیں کرسکتے، لہذا وہ سمجھتے ہیں کہ 270رنز برا مجموعہ نہیں ہوگا۔پاک بھارت میچ کے بارے میں بھارتی کپتان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یقینا سب کو 16جون کا انتظار ہے جب اولڈ ٹریفورڈ پر پاک بھارت مقابلہ ہوگا۔
کوہلی نے کہا کہ ان کی نگاہ میں ورلڈ کپ کا ہر میچ اہمیت کا حامل ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ انگلینڈ کی ٹیم اپنے میدانوں پر اس مرتبہ مخالف ٹیموں کیلئے آسان نہیں ہوگی۔