وزیراعظم سے جواد ظریف کی ملاقات، پاک ایران دو طرفہ تعلقات پر بات چیت

وزیراعظم سے جواد ظریف کی ملاقات، پاک ایران دو طرفہ تعلقات پر بات چیت
مذاکرات میں فریقین نے وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ ایران میں فیصلوں اور عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ وزیراعظم فیس بُک پیج

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے ملاقات کی۔ پاکستان کے دورے پر موجود ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے جب کہ اس دوران پاک ایران دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔


اس سے قبل جواد ظریف نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا جہاں ایران اور پاکستان کے درمیان میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جن میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

مذاکرات میں فریقین نے وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ ایران میں فیصلوں اور عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا جب کہ دوطرفہ معاملات پر تعاون بدستور جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں اور پاکستان تمام تصفیہ طلب امور کو سفارتی سطح پر حل کرنے کا حامی ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی میں کمی کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے کوشاں رہے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔