احساس پروگرام تیزی سے نہ چلائے جاتے تو غریب طبقے کا اور نقصان ہوتا: عمران خان

احساس پروگرام تیزی سے نہ چلائے جاتے تو غریب طبقے کا اور نقصان ہوتا: عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کے دوران احساس پروگرام دنیا کا چوتھا کامیاب پروگرام سمجھا گیا ۔ احساس پروگرام تیزی سے نہ چلائے جاتے تو غریب طبقے کا اور نقصان ہوتا ۔

احساس سیونگ والیٹس کا آغاز کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام کے ذریعے میرٹ پر رقم تقسیم ہوئی ۔ احساس پروگرام کا فنانشل بچت اکاؤنٹ بھی کامیاب ہو گا ، ثابت ہوا ہے بینکنگ سسٹم میں آنے سے غربت میں کمی ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث غریب ممالک زیادہ متاثر ہوئے ، دنیا میں کوویڈ کے باعث کروڑوں لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ۔ لاک ڈاؤن کے باعث دیہاڑی دار طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ۔ ہماری 25 فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ کمزور طبقے کو نظر انداز کرنے والا ملک ترقی نہیں کرسکتا ، جہاں امیر کا جزیرہ ، غریب کا سمندر ہو وہ قوم کبھی ترقی نہیں کرسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قوم ریاست مدینہ کے ماڈل پر چلے تو اوپر آجاتی ہے ۔ خواتین کو فنانشل سسٹم میں لانے سے غربت میں کمی ہوتی ہے ۔

عمران خان نے کہا کہ چین دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی قوم ہے ۔ چین نے 35 سال میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا ۔