سندھ بھر میں رات 8 بجے کے بعد شہریوں کے غیر ضروری باہر نکلنے پر پابندی عائد

سندھ بھر میں رات 8 بجے کے بعد شہریوں کے غیر ضروری باہر نکلنے پر پابندی عائد
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: حکومت سندھ نے صوبے بھر میں 25 مئی کی رات 8 بجے کے بعد شہریوں کے گھروں سے غیر ضروری نکلنے پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ پارکٹس کی لائٹس بھی مغرب کے بعد بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس کی صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں کراچی سمیت صوبے بھر میں عالمگیر موذی وباءکی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پورے ملک میں جتنے بھی کورونا کے مریض ہیں ان کا 50 فیصد سندھ میں ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ مجھے ضلع شرقی اور ضلع وسطی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کی سب سے زیادہ شکایات مل رہی ہیں جس پر کمشنر کراچی کو ہدایت ایس او پیز پر عملدرآمد کو ہرصورت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے، آج کے اجلاس میں محکمہ داخلہ کے لیٹر کے مطابق پابندیوں پر مکمل عملدرآمد کا طریقہ کار پر فیصلے کئے جائیں گے۔
اجلاس کے دوران صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی شرقی میں کئے گئے ٹیسٹ کی 21 فیصد رپورٹس مثبت آئی ہیں جبکہ جنوبی میں 16 فیصد، کراچی وسطی میں 10 فیصد، حیدر آباد میں 11 فیصد، دادو میں 10 فیصد اور سکھر میں 8 فیصد کورونا کے مثبت کیسز ہیں۔ اس کے علاوہ 23 مئی تک 261 کوویڈ مریض انتقال کر گئے جبکہ وینٹی لیٹرز پر مریضوں کی تعداد 71 ہوگئی ہے اور آکسیجن پر 604 مریض ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کراچی میں 90 نئے مریض بھی ہسپتالوں میں داخل ہوئے۔
اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ ہاؤس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ کورونا ٹاسک فورس اجلاس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سخت پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت صوبے بھر میں 25 مئی کی رات 8 بجے کے بعد شہریوں کے گھروں سے غیر ضروری نکلنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ 
ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس کو ہدایت جاری کی ہے کہ رات 8 بجے کے بعد شہریوں کو غیر ضروری طور پر گاڑیوں میں گھومنے سے بھی روکا جائے جبکہ پارکس کی لائٹس بھی مغرب کے بعد بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں کاروبار کے اوقات صبح 5 بجے سے شام 6 بجے ہوں گے البتہ ڈیپارٹمنٹل اور سپر سٹورز شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے تاہم بیکری اور ملک شاپ رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ جمعہ اور اتوار کے دن کاروبار مکمل بند رہیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم نے دو ہفتہ لگائی گئی پابندیوں پر مکمل عمل کیا تو مستقبل میں آسانی ہو گی، اس دوران میں خود جاکر تمام صورتحال دیکھوں گا، اور اگر ان اوقات کی خلاف ورزی ہوئی تو ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی، موجودہ صورتحال میں عوام نے اگر تعاون کیا تو 2 ہفتے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح بہت کم ہو جائے گی اور اس کے بعد ہی ہم کاروبار کھولنے کی طرف جا سکتے ہیں۔