بھارتی ہائی کمیشن کے 12 عہدیداروں کو اہل خانہ اور ڈرائیوروں سمیت قرنطینہ اختیار کرنے کی ہدایت

بھارتی ہائی کمیشن کے 12 عہدیداروں کو اہل خانہ اور ڈرائیوروں سمیت قرنطینہ اختیار کرنے کی ہدایت
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: بھارتی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمیشن کے 12 عہدیداروں کو اہل خانہ اور ڈرائیوروں سمیت قرنطینہ اختیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق بھارت سے پاکستان آنے والے انڈین ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جس پر عملے کے دیگر 12 عہدیداروں کو اہل خانہ اور ڈرائیور سمیت قرنطینہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے اس ضمن میں بتایا کہ بھارتی ہائی کمیشن کے یہ 12 عہدیدار اور ان کے اہل خانہ کا ایک گروپ 22 مئی کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان داخل ہوا تھا اور ان کا پاکستان میں ٹیسٹ کیا گیا جس میں ایک اہلکار کی اہلیہ میں کورونا کی تصدیق ہوگئی۔ 
ترجمان نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے اس کیس کا جائزہ لیا اور تمام 12 عہدیداروں کو ان کے اہل خانہ اور ڈرائیوروں سمیت لازمی قرنطینہ اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ دیگر لوگ اس وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔ 
یاد رہے کہ ایس او پیز کے مطابق دونوں ممالک کے مابین اتفاق ہوا تھا کہ اگر سفارتی عملہ کے ممبر یا ان کے ساتھی کورونا میں مبتلا پائے گئے تو انہیں قرنطینہ اختیار کرائے جائے گا یا واپس ان کے ملک بھی بھیجا جا سکتا ہے۔