سٹیٹ بینک نے معاشی ترقی کے حکومتی دعوے کی تصدیق کر دی

سٹیٹ بینک نے معاشی ترقی کے حکومتی دعوے کی تصدیق کر دی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے معاشی ترقی کے حکومتی دعوے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 17 سال میں پہلی مرتبہ کرنٹ اکاؤنٹ کھاتہ سرپلس ہوا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2021ءمیں معاشی نمو 3.9 فیصد ہو گئی ہے جبکہ 17 سال میں پہلی بارکرنٹ اکاؤنٹ کھاتا سرپلس ہوا، زرمبادلہ کے ذخائر 4 سال میں بلند ترین ہیں، کورونا کے بعد بحالی کی سرگرمیاں زور پکڑ رہی ہیں اور اس عمل کو پالیسی ریسپانس نے تیز کیا ہے۔ 
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ احساس پروگرام کے ذریعے پسماندہ طبقے کو معاونت فراہم کی گئی جبکہ معاشی بحالی کیلئے سٹیٹ بینک نے بھی 20 کھرب کی ٹارگٹ سبسڈی دی، اس کے علاوہ اصل ادائیگی پر چھوٹ دی، شرح سود کم کیا، قرضے ری شیڈول کئے، بیروزگاری روکنے کیلئے پے رول فنانس سکیم دی جبکہ صنعت اور صحت منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے سستے قرض فراہم کئے گئے۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سیکرٹری منصوبہ بندی کی زیر صدارت نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں اعداد و شمار پیش کئے گئے تھے جن کے مطابق رواں مالی پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح 3.94 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ جی ڈی پی میں 14.8 فیصد اضافے کی توقع ہے تاہم اپوزیشن نے ان اعداد و شمار کو مسترد کر دیا تھا۔