پی ایس ایل میں شرکت کیلئے 10 سری لنکن کھلاڑی کو پاکستان لانے کی خصوصی اجازت مل گئی

پی ایس ایل میں شرکت کیلئے 10 سری لنکن کھلاڑی کو پاکستان لانے کی خصوصی اجازت مل گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں شرکت کیلئے 10 سری لنکن کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کی خصوصی اجازت دیدی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل میں شرکت کی غرض سے کھلاڑیوں کو لانے کیلئے سی اے اے کو درخواست دی تھی جسے منظور کر لیا گیا اور ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ عرفان صابر نے سری لنکن کھلاڑیوں کی آمد کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ 
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 10کھلاڑی قطر ایئرویز کی پرواز سے کراچی پہنچیں گے اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کریں گے جبکہ یہ تمام کھلاڑی پاکستان میں ویکسی نیشن اور قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد 26 مئی کو چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے لاہور سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث پاکستان نے سفری پابندیوں کے حوالے سے ممالک کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کر رکھا ہے جس کے تحت کیٹیگری 'سی' میں شامل ممالک کے مسافروں پر پاکستان آنے پر پابندی عائد ہے اور اس فہرست میں سری لنکا بھی شامل ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز ابوظبی میں کروانے کی منظوری مل گئی ہے اور اب 5 جون سے ابوظہبی میں ٹورنامنٹ شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ ایونٹ کا فائنل ممکنہ طور پر 20 جون کو ہو گا تاہم حتمی شیڈول کا پی سی بی کی جانب سے جلد اعلان متوقع ہے۔