نسیم شاہ بھی پی ایس ایل 6 سے باہر ہو گئے

نسیم شاہ بھی پی ایس ایل 6 سے باہر ہو گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کورونا پروٹوکولز کی خلاف ورزی کے باعث لیگ کے چھٹے ایڈیشن سے باہر ہو گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کیلئے بنائے گئے کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت کراچی اور لاہور سے چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے ابوظہبی روانہ ہونے والے تمام مسافروں کو 24 مئی کو لاہور اور کراچی کے ٹیم ہوٹلز میں داخل ہوتے وقت زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹے قبل کئے گئے اپنی کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروانا تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے اس موقع پر اپنے 18 مئی کو کئے گئے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کرائی جو قابل قبول نہیں ہے تاہم انہیں قرنطینہ میں رکھنے کے بعد ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے۔ 
بورڈ کا کہنا ہے کہ پرانی رپورٹ جمع کروانے پر نسیم شاہ کو ہوٹل کی علیحدہ منزل پر قرنطینہ میں رکھا گیا جس کے بعد تین رکنی انڈیپنڈنٹ میڈیکل ایڈوائزری پینل برائے پی ایس ایل نے معاملے کی نوعیت کا جائزہ لیا اور پینل کی سفارشات پر نسیم شاہ کو ریلیز کرنے کا فیصلہ تو کر لیا ے مگر وہ 26 مئی کو ابوظہبی روانہ نہیں ہو سکیں گے۔