کمال احمد کے سینے میں لگی گولی عمران خان کے دہشت گرد ہونے کا ثبوت ہے: رانا ثناءاللہ

کمال احمد کے سینے میں لگی گولی عمران خان کے دہشت گرد ہونے کا ثبوت ہے: رانا ثناءاللہ

اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ بے گناہ پولیس اہلکار کمال احمد کے سینے میں لگی گولی عمران خان کے دہشت گرد ہونے کا ثبوت ہے اور اب قانون کو ہاتھ میں لینے کا جواب لیا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق رانا ثناءاللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس پر فائرنگ سے ثابت ہو گیا ہے کہ یہ سیاسی سرگرمی نہیں، خونی مارچ ہوگا کے اعلانات کرنے والوں سے حساب لیں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ پرامن مارچ چاہتے ہی نہیں تھے، گالیاں برسانے والوں نے گولیاں برسانا شروع کر دیں، قانون کو ہاتھ میں لیا گیا ہے اور اب قانون جواب لے گا۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عمران خان مارچ کی آڑ میں ملک میں خانہ جنگی کی سازش کر رہے ہیں لیک ہم ملک میں خانہ جنگی، افراتفری، فساد اور انتشار کو قانون کے راستے سے روکیں گے۔ 
وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ شہید پولیس اہلکار کمال احمد کے اہلخانہ کو شہداءپیکیج دیں گے اور شہید اہلکار کے اہل خانہ کی کفالت اور بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری حکومت لے گی۔ 
انہوں نے شہید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال کی حفاظت کا فرض پورا کریں گے، اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما کے گھر چھاپے کے دوران ایک مکان کی چھت سے کی گئی فائرنگ سے کانسٹیبل شہید ہوگیا۔

مصنف کے بارے میں