شہریوں پر بھارتی حملے کسی صورت برداشت نہیں کرینگے: وزیر اعظم

شہریوں پر بھارتی حملے کسی صورت برداشت نہیں کرینگے: وزیر اعظم

اسلام آباد: ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر  بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔

اجلاس میں مشیر خارجہ سر تاج عزیز ،ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر ،معاون خصوصی طارق فاطمی،نیشنل سیکیورٹی ایڈ وائزر ناصر جنجوعہ نے وزیر اعظم کو ایل او سی کی کشیدہ صورتحال پر بریفنگ دی ۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ بھارتی فوج نے سوچی سمجھی سازش کے تحت مسافر بس کو نشانہ بنا یا اور پھر امدادی سرگرمیوں کے دوران ایمبو لینس کو بھی نشانہ بنا یا گیا۔

اس موقع پر نوازشریف کا کہناتھا کہ تحمل کے باوجود ہم بھارتی فوج کی جانب سے سویلین اور ایمبو لینسز کو نشانہ بنانے کے معاملے کو برداشت نہیں کریں گے۔ دنیا اور بالخصوص بھارت کو پتہ ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا ۔

بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر قوانین کی خلاف ورزی کے باوجود پاکستان تحمل کا مظاہر ہ کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحمل کے باوجود ہم بھارتی فوج کی جانب سے سویلین اور ایمبو لینسز کو نشانہ بنانے کے معاملے کو برداشت نہیں کریں گے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا معاملہ تقسیم ہند کا نا مکمل ایجنڈہ ہے ،ہم اپنے کشمیر بھائیوں کی جدوجہد میں مدد کو کبھی نہیں چھوڑیں گے ۔

اجلاس کے دوران مسافر بس پر بھارتی فوج کے حملے کی مذمت کی گئی اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔اس موقع پر زور دیا گیا کہ بین الاقوامی برادری بھارتی فوج کی جانب سے سویلین آبادی کو نشانہ بنانے او ر شہریوں کی شہادت کے واقعات بڑھنے پر نوٹس لے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ بھارت کی جانب سے جان بوجھ کر ایل او سی پر بڑھائی جانے والی جارحیت کو روکنے کے لیے بین الاقوامی برادری اپنا کردار ادا کرے۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ بھارت جان بوجھ کر دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم اور زیادتی کا شکار کشمیریوں سے ہٹانے کے لیے ایل او سی پر فائر بندی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔