بلاول بھٹو کو رکن قومی اسمبلی بنانے کی تیاری

بلاول بھٹو کو رکن قومی اسمبلی بنانے کی تیاری

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پارلیمانی سیاست میں لانے کا فیصلہ کرلیا۔بلاول کو لاڑکانہ کی آبائی نشست این اے 204 سے ضمنی انتخابات کا ٹکٹ دیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی کے اجلاس میں رہنماوں نے چیئرمین کو پارلیمانی سیاست میں آنے کا مشورہ دیتے ہوئے فیصلہ کیا کہ لاڑکانہ کی آبائی نشست سے انہیں متخب کرواکر اسمبلی کا حصہ بنایا جائے گا۔بلاول بھٹو کے الیکشن لڑنے کے لیے نشست کا فیصلہ دبئی اجلاس میں ہوگا تاہم پارٹی کے سینیئررہنماوں نے بلاول بھٹو کو لاڑکانہ 204سے الیکشن لڑنے کا مشورہ دے دیا۔

بلاول بھٹو خود لاڑکانہ کی آبائی نشست سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں، تاہم پارٹی میٹنگ میں ملیر سے خالی ہونے والی نشست کے علاوہ لیاری سے الیکشن لڑنا بھی آپشنزمیں شامل ہے ۔واضح رہے کہ این اے 204 لاڑکانہ سے ایاز سومرو پیپلزپارٹی کے ایم این اے ہیں، ایاز سومرو بینظیر بھٹو کے قریبی ساتھی تھے ،آج کل پارٹی سے کنارہ کش ہیں۔

ذرائع کے مطابق بلاول کی عملی سیاست میں آنے کا اعلان یوم تاسیس کی تقریب میں کیا جائے گا، چیئرمین کو جنوبی پنجاب کی نشست سے بھی ٹکٹ دیا جاسکتا ہے۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر کہتے ہیں کہ پارٹی جائزہ لے رہی ہے کہ بلاول کو کیسے پارلیمان میں لایا جائے؟آصف زرداری کی زیرصدارت اجلاس میں اس معاملے پر غور کا امکان ہے، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اجلاس میں شرکت کے لیے دبئی پہنچ گئے ہیں۔

مصنف کے بارے میں