ہم پاکستانی ہیں، پاکستان چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے ،سردار نواب سلمان خان خلجی

نادرا کی طرف سے شناختی کارڈ بلاک کرنے کے خلاف بلوچستان کے خلجی قبائل کے سردار نواب سلمان خان خلجی نے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمار ے قبائل کے دو لاکھ افراد کے شناختی کارڈز بلاک کیے گئے ہیں جن میں 80فیصد لوگ پاکستانی ہیں جن کو فوری بحال کیا جائے

ہم پاکستانی ہیں، پاکستان چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے ،سردار نواب سلمان خان خلجی

اسلام آباد : نادرا کی طرف سے شناختی کارڈ بلاک کرنے کے خلاف بلوچستان کے خلجی قبائل کے سردار نواب سلمان خان خلجی نے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمار ے قبائل کے دو لاکھ افراد کے شناختی کارڈز بلاک کیے گئے ہیں جن میں 80فیصد لوگ پاکستانی ہیں جن کو فوری بحال کیا جائے۔ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے مرجائیں گے مگر پاکستان چھوڑ کر کسی دوسرے ملک میں نہیں جائیں گے۔

سلمان خان خلجی نے کہا محب وطن پشتونوں کا شناختی کارڈ بلاک کر نے کے منفی نتائج برآمد ہونگے ۔نادرا کے اہلکاروں نے پیسے لیکر افغانوں کو ہمارے خاندانوں میں شامل کیا پاکستانی شناختی کارڈ ریوڑیوں کی طرح نہیں بلکہ لاکھوں روپے میں فروخت کیے گئے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمارے 16سال کے بچوں کو پکڑ کر افغان بارڈر پر چھوڑ دیتے ہیں کہ آپ کے پاس شناختی کارڈ نہیں ہے اس سے بڑی زیادتی پشتونوں کے ساتھ کیا ہو گی ؟وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور صدر پاکستان ممنون حسین اس کا فوری نوٹس لیں اور ہمارے شناختی کارد بحال کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے قبائل کے لوگوں کے دستاویزات کی تصدیق کر کے دوں گا اگر ان میں ایک بھی افغانی نکل آیا تو میری جائیدار ضبط کر لی جائے۔ شناختی کارڈ بلاک ہو جانے سے خلجی قبائل کو شدید مشکلات پیش آرہی ہیں بچے امتحان نہیں دے سکتے کہ داخلے کے لیے فارم مانگا جا رہا ہے ۔ہمارا علاقہ پسماندہ ہے اور علاقے کی طرف سے ایک فیصد عوام کے پاس ہی مشکل سے بے فارم موجود ہے۔ نادرا کے حکام 1965کے ثبوت مانگ رہے ہیں اس وقت کے ثبوت ہر بندہ کیسے مہیا کرے ۔