ایمرسن منانگاوا نے زمبابوے کے صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

ایمرسن منانگاوا نے زمبابوے کے صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

ہرارے: زمبابوے میں 37 سال تک اقتدار میں رہنے والے رابرٹ موگابے کے استعفے کے بعد ایمرسن منانگاوا نے نئے صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے، سابق صدر صدر رابرٹ موگابے حلف برداری کی تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حلف برداری کی تقریب دارالحکومت ہرارے میں منعقد ہوئی جس میں نئے صدر نے اپنے سیکڑوں حامیوں کے سامنے عہدے کا حلف لیا جب کہ سابق صدر رابرٹ موگابے تقریب میں شریک نہیں ہوئے،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر ایمرسن نے کہا کہ وہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔

رابرٹ موگابے نے ایک معاہدے کے تحت صدارت کے منصب کو خیرباد کہا ہے جس کے تحت ان کے اور ان کے خاندان کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ دوسری جانب ایمرسن منانگاوا نے بھی سابق صدر رابرٹ موگابے سے ملاقات کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کا خاندان زمبابوے میں محفوظ رہے گا۔

واضح رہے کہ رابرٹ موگابے کی جانب سے اہلیہ کو نائب صدر بنانے کے فیصلے کے بعد فوج نے دارالحکومت کا کنٹرول سنبھال لیا تھا اور موگابے کو ان کی رہائش گاہ پر نظربند کردیا تھا جس کے بعد رابرٹ موگابے کی جماعت نے بھی پارلیمنٹ میں ان کے خلاف مواخذے کی تحریک لانے کا اعلان کرتے ہوئے ایمرسن منانگاوا کو صدر کے عہدے کے لیے نامزد کردیا تھا۔