حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کوشاں ہے : سردار ایاز صادق

حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کوشاں ہے : سردار ایاز صادق


اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ موجودہ جمہوری حکومت خواتین کو با اختیار بنانے اور ان کو ہرقسم کی استحصال اور تشدد کے خلاف تحفظ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔


خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے منائے جانے والے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر نے خواتین کے خلاف تشدد کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کے خاتمے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو دنیامیں ہرجگہ ذہنی اور جسمانی تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جس کے اثرات آنے والی نسلوں پر پڑتے ہیں جو معاشرے کے بنیادی سماجی ڈھانچے کے لیے بڑا خطرہ ہے۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قوتیں اس بات پر متفق ہیں کہ ملک میں ہر شخص کو عزت اور خود اعتمادی سے زندگی بسر کرنے اور ہر شعبہ میں آگے آنے کے مساوی مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ ملک کی نصف آبادی جو خواتین پر مشتمل ہے کے مسائل سے باخوبی آگاہ ہے اور خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کو حل کرنے کو تر جیحی بنیادوں پر زیر غور لایا جاتا ہے ۔