وفاقی حکومت گلگت بلتستان کو با وقار اور با اختیار نظام حکومت دے، ڈاکٹر خالد محمود خان

وفاقی حکومت گلگت بلتستان کو با وقار اور با اختیار نظام حکومت دے، ڈاکٹر خالد محمود خان
کیپشن: فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

گلگت:  جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر وگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کو با وقار اور با اختیار نظام حکومت دے،جماعت اسلامی عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات کی تائید اور حمایت کرتی ہے ،سی پیک میں گلگت بلتستان کے منصوبے اسی طرح ظاہر کیے جائیں جس طرح پاکستان کے صوبوں کے لیے ظاہر کیے جارہے ہیں،جماعت اسلامی اول روز سے یہ مطالبہ کررہی ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو آزاد طرز کا سیٹ اپ دیا جائے ،شونٹر ٹنل پر کام شروع کیا جائے تا کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کے درمیان رابطہ آسان ہو،دیامر باشا سمیت دیگر ڈیمز کی رائیلٹی گلگت بلتستان کے عوام کو فراہم کی جائے ،ریاست کے دونوں آزاد خطوں کو باہم آئینی طور پر مربوط کر کے تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ بنایاجائے ،وفاقی حکومت مسئلہ کشمیر کو متاثر کیے بغیر یہاں کے عوام کو آئینی اور سیاسی حقوق صوبوں سے زیادہ فراہم کرے .

ان خیالات کااظہار انہوں نے عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین سلطان رئیس کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق وزیر قانون و امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مشتاق ایڈووکیٹ بھی موجود تھے ،عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین مولانا سلطان رئیس نے امیر جماعت اسلامی کو گلگت بلتستان کے مسائل اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات سے آگاہ کیا .

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے لیے مولانا سلطان رئیس کی قیاد ت میں عوامی ایکشن کمیٹی نے بھرپور مسائل اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ حل کروائے ہیں جماعت اسلامی ان کی تحسین کرتی ہے ،انہوں نے کہاکہ یہ حساس خطہ ہے دشمن کی نظریں اس پر لگی ہوئی ہیں وہ ہمیں باہم لڑا کر اپنے مزموم مقاصد کی تکمیل کررہا ہے اس لیے یہاں کے عوام فرقہ واریت اور مسلکی دائروںسے نکل کر اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کریں جب سے عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنے حقوق کے لیے کوشش کی ہے تو عوام کے مسائل حل ہوئے ہیں.

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ویژن2030لے کر میدان میں نکلی ہے گلگت بلتستان کی خوشحالی اور نظام عدل کا قیام ہمارا ہدف ہے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے جہاد کے ذریعے یہ خطہ آزاد کروایا ہے انہوں نے کہاکہ ریاست کی وحدت پر ہم کوئی کمپرمائز نہیں کریں گے مقبوضہ کشمیر کے اندر آزاد ی کی تحریک جاری ہے کشمیر مکمل آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا ۔