وزیراعلیٰ پنجاب سے عاصم سلیم باجوہ کی ملاقات، سی پیک منصوبوں پر گفتگو

Asim Saleem Bajwa meets Punjab Chief Minister, discusses CPEC projects
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب اور چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کے درمیان ملاقات ہوئی ہے جس میں پنجاب میں پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق گفتگو کی گئی۔

دونوں رہنمائوں نے دوران ملاقات لاہور میں چائنہ سینٹر اور سی پیک ٹاور بنانے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا جبکہ زرعی شعبہ سے متعلق ریسرچ کو فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ زرعی تحقیقاتی مقاصد کیلئے 13 ہزار ایکڑ اراضی استعمال ہوگی۔ صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کیلئے انفارمیشن ڈیسک بنائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کو ایک ہی چھت تلے انڈسٹریز کی معلومات میسر ہوں گی۔ چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں انڈسٹری لگانے کیلئے معاونت کریں گے۔ بیرونی سرمایہ کاروں کو تحفظ اور سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاک چین اقتصادی راہداری اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ معیشت کے استحکام کیلئے اہمیت رکھتا ہے۔ سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا ہے۔ زرعی شعبے میں گروتھ کے بے پناہ مواقع ہیں۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے میں چین کے تجربے سے استفادہ کریں گے۔ سی پیک پراجیکٹس کی تکمیل سے معیشت مضبوط ہوگی۔