پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کل سے پٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان ، مذاکرات کررہے ہیں ، وفاقی وزیر

پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کل سے پٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان ، مذاکرات کررہے ہیں ، وفاقی وزیر

کراچی : پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کل سے پٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کردیا ۔ وفاقی وزیربرائے توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ہم پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سے رابطے میں ہیں اور مذاکرات جاری ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 25 نومبر سے ملک بھر پٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 25 نومبر صبح 6 بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رہیں گے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی پیٹرول پمپس بند رہیں گے۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت کو کئی بار اپنے مطالبات پیش کئے لیکن حکومت نے ہماری بات نہیں سنی اور ہم مجبوری میں یہ اقدام اٹھا رہے ہیں ۔ سیکرٹری پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ ڈیلر مارجن 6 فیصد ہونے تک حکومت سے مذید مذاکرات نہیں ہوں گے۔

نعمان بٹ نے مزید کہا کہ حکومت نے مطالبات ماننے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن ابھی تک کوئی رابطہ نہیں کیا، حکومت کی یقین دہانی کے بعد 5 نومبر کی ہڑتال کی کال واپس لی تھی۔

پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی طرف سے پٹرول پمپ بند کرنے کے اعلان پر وفاقی وزیربرائے توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سے رابطے میں ہیں اور ان کے مطالبات پر مذاکرات ہورہے ہیں ۔

یاد رہے کہ سیکرٹری پیٹرولیم ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپ مالکان کو کل صبح 6 بجے سے پمپ بند رکھنےکا کہہ دیا گیا ہے ۔